لاہور :پاکستان کے معروف گلوکار،اداکار اور ڈی جے محسن عباس حیدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر انتہائی پریشان کن پیغام جاری کرکے اپنے چاہنے والوں کو شدید کرب میں مبتلا کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک پیغام وائرل ہوگیا ہے جو کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ڈی جے کی ذمہ داری ادا کرنے والے گلوکار محسن عباس حیدر کے انسٹاگرام سے لیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’ذہنی تناﺅبہت جلد مجھے مار ڈالنے والا ہے،میں صرف ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں جن کی وجہ سے میں اس صورتحال کا شکار ہوں‘۔
محسن کے پیغام کے بعد پاکستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں نے ان کی حوصلہ افزائی کرنا شروع کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ محسن عباس کے پیغام پر تشویش کا اظہار بھی کر رہے ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔
محسن عباس حیدر کے مینجر اشفاق کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ گلوکار اس وقت ذہنی تناﺅکاشکار ہیں تاہم وہ ابھی خیریت سے ہیں۔
یاد رہے کہ محسن عباس حیدر نے پاکستانی معروف فلم نامعلوم افراد میں اپنی اداکاری سے سب کے دل جیت لئے تھے جبکہ انہوں نے متعدد ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ گلوکاری کے میدان میں بھی کافی حد تک سرگرم رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ محسن عباس حیدر کی حال ہی میں اپنی بیوی سے طلاق ہوئی ہے جبکہ ان کی ننھی بیٹی کا انتقال بھی ہوا ہے جس کے باعث وہ گزشتہ کئی ماہ سے ذہنی تناﺅ کا شکار ہیں۔