نیو یارک: اگر آپ واٹس ایپ پر اپنے دوستوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس کے اسکرین شاٹ لینے کے عادی ہیں، تاکہ وقت ضرورت دوستوں کو ان کی پرانی گفتگو دکھا کر یاد دلائی جاسکے، تو اب محتاط ہوجائیں کیونکہ اب اس کی خبر اس شخص کو بھی ہوجائے گی جس کی گفتگو کا آپ نے اسکرین شاٹ لیا ہے۔واٹس ایپ کے سربراہ جین کوم نے اعلان کیا ہے کہ واٹس ایپ کے اگلے ورژن میں اس فیچر کو شامل کردیا جائے گا جس کے بعد اس شخص کو ایک نوٹی فیکیشن موصول ہوجائے گا۔
جس کی گفتگو کا اسکرین شاٹ لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا ایک عرصے سے مطالبہ کیا جارہا تھا اور 5 فروری سے یہ فیچر تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر بلیو ٹک جیسا ہوگا اور اسکرین شاٹ لینے والے شخص کو بھی علم ہوجائے گا کہ اس کے اسکرین شاٹ کا نوٹی فیکیشن بھیج دیا گیا ہے۔ اپنے آغاز کے ساتھ ہی بہت جلد مقبول ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سنہ 2009 میں بنایا گیا تھا اور سنہ 2014 میں فیس بک نے اسے خرید لیا تھا۔