رفح: امداد لینے کیلیے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 100 سے زائد شہید ہوگئے۔ غزہ میں امداد لینے کے لیے میدان میں جمع ہونے والے فسطینی خواتین اور بچوں پر اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ میں 104 افراد شہید اور 760 زخمی ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج نے کی شمالی غزہ میں امدادی سامان کے انتظار میں کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کی۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کاکہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 104 فلسطینی شہید اور 760 زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے اکثریت کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔