پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ باہمی طور پر سیکھنے کیلئے صحیح فورم ہے: آرمی چیف

06:41 PM, 29 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل عاصم منیر کاکہنا ہےکہ   پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ باہمی طور پر سیکھنے کے لیے صحیح فورم ہے اور یہ جنگ کے بدلتے ہوئے ماحول میں ٹیم کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ساتویں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 2024 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشق کے مختلف مرحلوں کے دوران ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی صلاحیتوں اور حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ اس مقصد کےلیے پاک فوج نے کردار، جرات اور قابلیت کی صفات کو برقرار رکھا ہے۔ یہ تمام صفات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے بھرپور طریقے سے دکھائی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا۔ 


تقریب میں شرکت کرنے والے ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے ٹیموں کے پیشہ ورانہ طرز عمل کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، امریکہ، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکیہ سمیت 15 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 25 سے 27 فروری 2024 تک جاری رہی۔

مزیدخبریں