عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے سپیکر غزالہ گولا ڈپٹی سپیکر منتخب

03:00 PM, 29 Feb, 2024

کوئٹہ : مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ سپیکر جبکہ پیپلز پارٹی کی غزالہ گولا ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب تین بجے شروع ہونے والے اجلاس میں ہونا تھا جس کے لیے کاغذات نامزدگی کے لیے 12 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔12 بجے تک عبدالخالق اور غزالا گولا کے مقابلے میں کسی اور نے کاغزات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

دونوں کی جیت کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان حکومت سازی کے فارمولے کے تحت وزیر اعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی جبکہ گورنر کا عہدہ نون لیگ کو ملے گا۔اسی طرح بلوچستان اسمبلی کے سپیکر کا عہدہ ن لیگ اور ڈپٹی سپیکر کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ وہ تمام جماعتوں کے مشکور ہیں جنھوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بلوچستان کے تمام اراکین اسمبلی قابل احترام ہیں اور وہ سب کو اعتماد میں لے کر چلیں گے۔
 

مزیدخبریں