مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم آج سے ملک کے مختلف حصوں میں داخل ہو گا

 مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم آج سے ملک کے مختلف حصوں میں داخل ہو گا

کراچی: مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم آج سے ملک کے مختلف حصوں میں داخل ہو گا جس سے موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال کے باعث وارننگ بھی جاری کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم آج سے ملک کے مغربی حصوں کو متاثر کرےگا، جس کے باعث کہیں تیز تو کہیں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

آئندہ دو روز کے دوران سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اضلاع آوران، کیچ، گوادر، پنجگور، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد، دالبندین اور خضدار کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہےجبکہ لورالائی، لسبیلہ، چاغی، موسیٰ خیل، جھل مگسی، شیرانی، ژوب میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ سمیت زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ میں بھی مغربی سسٹم کے باعث آج سے یکم مارچ تک سندھ کے مختلف اضلاع جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

 شہر قائد  کراچی میں بھی جمعے کے روز کہیں موسلادھار تو کہیں تیز بارش کا امکان موجود ہے، تاہم حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ یکم مارچ تک بلوچستان کے ماہی گیر گہرے سمندر میں نہ جائیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو بھی سمندر میں احتیاط برتنے کی ہدایات کی ہیں۔

واضح رہے مغربی سسٹم کے زیر اثر بلوچستان کے شہر گوادر میں اب تک 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں