صدر نے دستخط کردیے ، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو رہا ہے، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

صدر نے دستخط کردیے ، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو رہا ہے، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد : صدر مملکت نے نگراں وزیراعظم کی قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی ایڈوائس پر دستخط کردیے جس کے بعد نومنتخب اراکین کی حلف برداری کیلیے 16ویں قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں رات گئے اہم پیش رفت ہوئی جب عین آخری لمحات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم  کی طرف سے بھیجی گئی دوسری ایڈوائس پر دستخط کرتے ہوئے نومنتخب قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس آج طلب کرنے کی منظوری دے دی۔ 

 16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح دس بجے شروع ہوگا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔

افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا۔ سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری، علیم خان اور راجہ پرویز اشرف کو حکومتی بنچز کی فرنٹ لائن پر نشستیں الاٹ کردی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ اپوزیشن  کے عمر ایوب، سابق اسپیکر اسد قیصر ،صاحبزادہ حامد رضا، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی اگلی نشستوں پر بیٹھیں گے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب سے جاری شیڈول کے مطابق افتتاحی اجلاس دو نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا، اجلاس کے آغاز پر تلات کلام پاک و حمد وثناء کے بعد قومی ترانہ پڑھا جائے گا جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔

مصنف کے بارے میں