مسلم کش فسادات: عالمی برادری مداخلت کرے ، وزیر اعظم عمران خان

 مسلم کش فسادات: عالمی برادری مداخلت کرے ، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

سلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہلی میں مسلم کش فسادات  پر عالمی برادری مداخلت نہیں کرتی ایسے واقعات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے بھی تباہ کن ہوں گے۔


تفصیلات کے مطابق ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے مذہبی فسادات پر عالمی برادری کو مداخلت کا کہتے ہوئے پیش گوئی کردی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں عمران خان نے بھارت میں پیش آنے والے واقعات کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ میں یہ پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جب تک عالمی برادری مداخلت نہیں کرتی ایسے واقعات نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے لیے بھی تباہ کن ہوں گے۔


ٹویٹر پر وزیراعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی قابض فوج نے مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو بنیاد پرستی کی طرف دھکیلا اور تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان عالمی برادری کو مسلسل مودی سرکار کے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مذموم مقاصد سے آگاہ کرتے آرہے ہیں اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔

28 فروری کو بھی وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مودی سرکار کے بارے میں نسل پرست اور فسطائی ہونے کی حقیقت تسلیم کرے اور اس کا راستہ روکے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے جلتے گھروں، دکانوں، عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے مناظر اور اسلام کے نام لیواؤں پر تشدد اور ان کے قتل کی تصاویر نازیوں کی بربریت سے زندہ بچ نکلنے والے یہودیوں کی تصاویر سے ملتی جلتی ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ ہندو بالادستی کا مودی کا ایجنڈا 1930 میں نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کے قتل عام کی طرز پر خونریزی کا منصوبہ ہے، جب تمام بڑی طاقتوں نے ہٹلر کی خوشامد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے بطور وزیر اعلیٰ، گجرات میں مسلمانوں کا نہایت منظم قتل عام کیا اور آج وہی سلسلہ دہلی میں دہرایا جارہا ہے۔