چین میں کورونا سے مزید 47، اٹلی میں 17افرادہلاک

چین میں کورونا سے مزید 47، اٹلی میں 17افرادہلاک


بیجنگ/روم/واشنگٹن/ٹوکیو:چین میں کورونا وائرس نے مزید 47افراد کی جان لے لی، جس کے بعد چین میں اس وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 2ہزار 835ہو گئی ہے جبکہ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہو گئی۔ امریکا نے شہریوں کو اٹلی کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزرا اور مندوبین کو آئندہ ماہ نیو یارک میں اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 2800سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ 84ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ انتہائی زیادہ قرار دے دیا ہے۔چین میں کورونا وائرس کے مزید 427کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 79 ہزار 251 ہو گئی ہے۔جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے 594نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  مجموعی تعداد 2ہزار 931ہو گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے 17اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور وائرس سے متاثرہ 650کیسز سامنے آ چکے ہیں، جس کے بعد امریکا نے شہریوں کو اٹلی کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزرا اور مندوبین کو آئندہ ماہ نیو یارک میں اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔نیویارک میں یو این کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کا اجلاس 9مارچ سے 20مارچ تک ہونا شیڈولڈ ہے جس میں تقریبا 7 ہزار سے زائد افراد شریک ہوتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ فوری ایکشن ہی بیماری کو پھیلنے سے روک سکتا ہے، کورونا وائرس کے کیسز چین کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔ادھر جاپانی وزیرِ اعظم نے پبلک اسکولوں کی عارضی بندش کا اعلان کیا ہے، انہوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جاپان بھر میں اسکول 2 مارچ سے اسپرنگ بریک تک بند رہیں گے۔