معاشی خودمختاری کی جانب قدم: مریم نواز نے دیہی خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر دیے

08:52 PM, 29 Dec, 2024

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے تاریخی اقدام کرتے ہوئے سی ایم پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کا اجراء کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت 12 اضلاع کی 11 ہزار دیہی خواتین کو مفت گائے اور بھینسیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ اپنا روزگار حاصل کر سکیں۔


وزیراعلیٰ نے دیہی خواتین کے لیے 2 ارب روپے کا خصوصی پیکیج متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ملتان، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، اور دیگر اضلاع میں خواتین کو مفت مویشی فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔


80 ہزار مویشی پال فارمرز 27 ہزار روپے فی جانور بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔
رجسٹرڈ ڈیلرز سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک ونڈا، منرل مکسچر، اور سائلج خریدنے کی سہولت دی گئی ہے۔
قرض چار ماہ کی مساوی اقساط میں واپس کیا جا سکے گا۔

مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے اینیمل آئیڈنٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم نافذ کیا جائے گا۔
فارمرز کو فری ڈیگنگ، فری ان سیمی نیشن، اور کوالٹی ٹیسٹنگ کی سہولت دی جائے گی۔
لائیوسٹاک فارمرز کے لیے ہیلپ لائن اور آن لائن رجسٹریشن کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام دیہی خواتین کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ ان کے مطابق، "دیہات میں رہنے والی خواتین کو خوشحال بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے سے نہ صرف مقامی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔"

یہ منصوبہ خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے ساتھ پنجاب کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزیدخبریں