کیلیفورنیا :یوٹیوب نے ایک نئے فیچر "پلے سم تھنگ" کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے ویڈیو مواد کی تلاش کو آسان اور زیادہ ذاتی بنانا ہے۔
یہ فیچر فی الحال یوٹیوب کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور صارفین کو ایک فلوٹنگ بٹن کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ اس بٹن پر کلک کرنے پر یوٹیوب خودکار طور پر صارف کی ماضی کی ترجیحات اور ویو ہسٹری کی بنیاد پر ویڈیو کا انتخاب کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق، یہ بٹن اس وقت ظاہر ہوگا جب یوٹیوب ایپ میں کوئی ویڈیو minimize کی جائے گی۔ منتخب کردہ ویڈیو پورٹریٹ موڈ میں پلے ہوگی، جیسا کہ یوٹیوب شارٹس، لیکن اس میں روایتی یوٹیوب ویڈیوز بھی شامل کی جائیں گی۔
ویڈیو دیکھتے ہوئے صارفین کو معمول کے کنٹرولز جیسے لائیک، ڈس لائیک، کمنٹس اور شیئر کا اختیار دائیں جانب دیا جائے گا۔ یوٹیوب کو توقع ہے کہ یہ فیچر یوزر انگیجمنٹ میں نمایاں اضافہ کرے گا کیونکہ صارفین کو مواد تلاش کرنے کے لیے طویل اسکرولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ماہرین کے مطابق، یہ فیچر ان صارفین کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا جو نیا مواد دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ تاہم، یہ فیچر ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
یوٹیوب کی جانب سے اس فیچر کے نتائج کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔