مدارس رجسٹریشن : "سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024" پر صدر زرداری نے دستخط کر دیے

 مدارس رجسٹریشن :

اسلام آباد: دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے "سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 2024" پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بل قانون کی شکل اختیار کر گیا ہے، اور قومی اسمبلی کی طرف سے اس کا گزٹ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق، نئے قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق کی جائے گی۔ یہ معاملہ تمام متعلقہ فریقین کے درمیان افہام و تفہیم کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے، جس سے مدارس کی قانونی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد سومرو نے لاڑکانہ میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، جس دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں مدارس رجسٹریشن بل پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی، اور صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس معاملے کو جلد حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں