2024 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 31 فیصد اضافہ

12:38 PM, 29 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پاکستانی کمیونٹی کی بیرون ملک ترسیلات زر میں 2024 کے دوران 31 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس سے ملکی معیشت کو بڑا فائدہ پہنچا ہے۔ جنوری سے نومبر 2024 تک سمندر پار پاکستانیوں نے تقریباً 21 ارب 5 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔

سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے آئیں، جہاں مقیم پاکستانیوں نے 7 ارب 29 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے، جو گزشتہ سال کی نسبت 38.7 فیصد زیادہ ہیں۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کا نمبر ہے، جنہوں نے 6 ارب 15 کروڑ ڈالر بھیجے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہیں۔

برطانیہ سے 4 ارب 71 کروڑ ڈالر، یورپی یونین سے 3 ارب 61 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 3 ارب 44 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ سعودی عرب اور امارات کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک سے 3 ارب 17 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھی پاکستان پہنچیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، آسٹریلیا اور ملائشیا بھی پاکستانیوں کے لیے اہم ملازمتوں کے مقامات بنے ہوئے ہیں، جہاں سے ترسیلات زر کی آمد بھی بڑھ رہی ہے۔

مزیدخبریں