لاہور: پنجاب بھر میں شدید دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ بہت کم ہو گئی ہے اور کئی مقامات پر موٹر ویز بند کر دی گئی ہیں۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق، موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک داخلہ ممنوع ہے، ایم 3 پر لاہور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے، اور ایم 4 بھی دھند کی وجہ سے پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دی گئی ہے۔ سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی نو انٹری کا بورڈ آویزاں کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے، جس کے باعث گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور بہاولنگر میں ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ سڑکیں بند کی گئی ہیں اور شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں اور گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
مزید برآں، لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور میں آج بارش کے 10 فیصد امکانات ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔