لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ تحائف کو الیکشن کمیشن کے کاغذات میں ظاہر نہ کرنیوالے سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کی درخواست خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ تحائف کو الیکشن کمیشن کے کاغذات میں ظاہر نہ کرنیوالے سیاستدانوں کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کارروائی کی درخواست خارج کردی۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری تنویر سرور کی درخواست پر مختصر فیصلہ سنایا ، ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلہ تا حال جاری نہیں کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ عدالت عالیہ کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔
درخواست میں موقف اختیا کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے جانبداری کا مظاہرہ کیا، صرف ایک شخصیت کے خلاف کارروائی کی گئی، الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں پسند اور نا پسند کو ملحوظ خاطر رکھا۔
درخواست میں مزیدکہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ میں کاروائی کر کے نااہل قرار دیا گیا،الیکشن کمیشن نے کسی دوسرے رکن اسمبلی کے خلاف شکایت درج نہیں کی۔ تحائف لینے اور ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف یکساں کاروائی ہونی چاہیے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو توشہ خانہ کے تحائف ظاہر نہ کرنے والے ممبران اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے۔