پشاور: آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان کا کہنا ہے کہ رواں سال پولیس پر 137 دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا گیا اور پولیس لائن حملے کے تمام سہولت کار گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے جاری ویڈیو بیان کہا کہ رواں سال 917 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، 300 کو مارا گیا، مختلف واقعات میں 185 پولیس اہلکار شہید جبکہ 400 زخمی ہوئے۔
اختر حیات خان نے بتایا کہ رواں سال 15 خودکش حملوں میں 10 افغان دہشت گرد ملوث تھے، رواں سال دہشت گردی کے تمام کیسز ٹریس کیے جبکہ بھتہ خواری میں استعمال کی جانے والی افغان موبائل سمز کو ٹریس کرنا مشکل ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوانے بتایا کہ صوبے میں خواتین پولیس اسٹیشنز کی تعداد 2 سے بڑھا کر 4 کر دی ہے، قبائلی اضلاع کی پولیس کو 11 بکتر بند گاڑیاں فراہم کیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت میں پولیس اور انٹیلی جینس ایجنسیز نے مل کر کام کیا، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز بنائے گئے ہیں۔