کراچی: شہر قائد میں تاجروں نے ہول سیل مارکیٹیں شام 6 بجے ، شاپنگ سینٹر اور بازار رات 9 بجے، شادی ہال اور ریسٹورنٹ رات 11 بجے سے رات 12 بجے تک بند کرنے کی تجویز دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنرکراچی آفس میں توانائی بحران کے پیش نظرمارکیٹ اور شادی ہال کے اوقات کار محدود کرنے پر اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر سعید غنی، وزیر تجارت اکرام اللہ دھاریجو، وزیر ایکسائز مکیش چاولہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان اور مارکیٹس ایسوسی ایشنز اور شادی ہال ایسوسی ایشن کےنمائندے شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران تاجروں نے ہول سیل مارکیٹیں شام 6 بجے، شاپنگ سینٹر اور بازار رات 9 بجے تک بند کرنے، شادی ہال اور ریسٹورنٹ رات 11 بجے سے رات 12 بجے تک بند کرنے کی تجویز دی جبکہ انتظامیہ نے توانائی بحران کے پیش نظر مارکیٹیں رات 7 سے 9 بجے تک بند کرنے کی تجویز دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تاجروں نے اتوار کو تعطیل اور ہفتے کاروباری اوقات کار میں ریلیف دینے کی تجویز دی، ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے مقررکردہ اوقات کے بعد دکانیں بندکرنے میں کچھ تاخیر پر مقدمات درج نہ کئے جائیں۔
تاجروں نے شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہترکرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بیک وقت مارکیٹیں اور بازار بند ہونے سے ٹریفک کا دباؤ بڑھ جائے گا۔
کراچی کے تاجروں کی مارکیٹیں 6 بجے شاپنگ سینٹر اور بازار 9 بجے بند کرنے کی تجویز
06:01 PM, 29 Dec, 2022