انتہائی نگہداشت وارڈز میں 90 فیصد بوسٹر نہ لگوانے والے افراد زیر علاج ہیں، بورس جانسن

انتہائی نگہداشت وارڈز میں 90 فیصد بوسٹر نہ لگوانے والے افراد زیر علاج ہیں، بورس جانسن
کیپشن: انتہائی نگہداشت وارڈز میں 90 فیصد بوسٹر نہ لگوانے والے افراد زیر علاج ہیں، بورس جانسن
سورس: فائل فوٹو

لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ انتہائی نگہداشت وارڈز میں 90 فیصد بوسٹر نہ لگوانے والے افراد زیر علاج ہیں۔ 

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم نے انگلینڈ میں وبا کو موجودہ سطح پر کنٹرول میں رکھا ہوا ہے۔ بوسٹر لگوانے کے اہل 24 لاکھ افراد نے ابھی تک بوسٹر نہیں لگوایا۔ ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے اسپتال میں داخلے کا امکان 8 گنا بڑھ جاتا ہے جبکہ بوسٹر لگوا کر نئے سال کی خوشیاں احتیاط کے ساتھ منائی جائیں۔ 

بورس جانسن نے کہا کہ یکم جنوری تک ملک کے ہر بالغ شخص کو بوسٹر لگوانے کی پیشکش کی جائے گی۔

دوسری جانب بھارت میں اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے باعث نئی دہلی میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں بھی اومیکرون نے پنجے گاڑنا شروع کر دیئے ہیں اور اس وقت بھارت میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 781 سے بڑھ چکی ہے جبکہ دہلی میں سب سے زیادہ 238 اومیکرون کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارت میں نئی دہلی کے بعد دوسرے نمبر پر مہاراشٹر ہے جہاں 167 اومیکرون کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارت میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد نئی دہلی میں منی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا اور تعلیمی اداروں میں بھی تعطیلات دے دی گئی ہیں جس کے بعد تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں بند رہیں گے جبکہ شادی ہال اور سینما گھر بھی بند رہیں گے۔