لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں بھکاری خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں تھانہ احمد نگر کی حدود میں تین افراد نے مبینہ طور پر بھیک مانگنے والی خاتون سے زیادتی کی جس کے بعد متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرا لیا گیا ہے تاہم رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیئے اپنے بیان میں کہا کہ زیادتی واقعہ میں ملوث ایک ملزم گول گپے فروخت کرتا ہے، ملزم نے زکوۃ دینے کے بہانے بلایا اور دیگر ساتھیوں کیساتھ زیادتی کی، میں ملزمان کے ڈر سے خاموش رہی جبکہ ورثاءصلح کرنے پر مجبور کرتے رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تیسرے ملزم کو بھی جلد از جلد گرفتار کرنے، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے اور متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں بھکارن سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نوٹس لے لیا
05:59 PM, 29 Dec, 2021