اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ فروری کے آخر تک راولپنڈی میں ماں ،بچہ ہسپتال میں سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا جبکہ صحت کارڈ سے عوام کے علاج پر آنے والے اخراجات میں کمی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کیساتھ راولپنڈی میں زیر تعمیر ”ماں بچہ ہسپتال “ کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو جلد مکمل ہونا چاہئے، فروری کے آخر تک راولپنڈی میں ماں، بچہ ہسپتال میں سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا، صحت کارڈ کے دائرہ کار کو وسعت دی جا رہی ہے جس سے عوام کے صحت کے اخراجات کم ہوں گے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے منصوبے پر کروڑوں روپے خرچ ہو چکے ہیں، حکومت عوام کو صحت کی سہولیات دینے کیلئے صحت کارڈ کا دائر کار اسلام آباد، گلگت بلتستان میں بڑھا رہی ہے جبکہ یکم جنوری سے راولپنڈی میں ہیلتھ کارڈ سروسز بھی شروع کر دی جائیں گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے منصوبے کو 25 سال ہو گئے لگتا تھا یہ ہسپتال اور نالہ لئی میرے مرنے کے بعد مکمل ہوں گے ،لیکن اب یہ مکمل ہو جائیں گے، لوگ نالہ لئی سے ایک ہزار فٹ کے فاصلے پر پلازے تعمیر کر سکیں گئے۔