راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ ان کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہو گی، اپوزیشن کوئی بھی مارچ کر لے، یہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی اور اگلا الیکشن بھی عمران خان کا ہے۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومتیں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ کی اچھی بات ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہے، کچھ بھی نہیں ہونے والا اور عمران خان پانچ سال پورے کریں گے جبکہ اگلا الیکشن بھی عمران خان کا ہے اور ہم ان کی قیادت میں زوردار طریقے سے الیکشن لڑیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف آتے ہیں آئیں، نہیں آتے تو کوئی فرق نہیں پڑتا، طوفان کھڑا کیا جارہا ہے کہ وہ آ رہا ہے وہ جارہا ہے، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔نواز شریف بتائیں کس روز آنا چاہتے ہیں، میں ویزا اور پاسپورٹ دوں گا، میں شیخ ہوں، مگر اس کے باوجود ٹکٹ بھی اپنی جیب سے دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ نہیں ہونے والا،عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر پانچ سال پورے کریں گے اور ہم اگلا الیکشن عمران کے ساتھ زوردار طریقے سے لڑیں گے، یہ حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی چاہے اپوزیشن کوئی بھی مارچ کرلے، جو اپوزیشن کے پیٹ میں درد ہے وہ ٹی وی پر نہیں بتا سکتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے کوئی قیامت نہیں آئے گی وہ پاس ہوگا، ہم چاہتے ہیں ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کیا جائے اور روپے کی قدر بہتر ہو، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے فنڈ سے مدد ملتی ہے، وزیراعظم عمران خان کا ایجنڈا غربت میں کمی ہے اور انشاءاللہ وہ پانچویں سال میں مہنگائی کا خاتمہ کر دیں گے۔