کشمیر پریمیئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط

02:01 PM, 29 Dec, 2020

اسلام آباد: کشمیر پریمیئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں۔ اس تقریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی خصوصی شرکت کی

کشمیر پریمیئر لیگ کے آئندہ سال 5 جنوری کو میرپور، 6 جنوری کو باغ اور 7 جنوری کو مظفر آباد میں ٹرائلز ہوں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان ٹرائلز میں ہزاروں نوجوان حصہ لیں گے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سے نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک ٹیم اور پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کھیلیں گے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے دوران بھی فنڈ ریزنگ کا کام کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جتنا ممکن ہو سکے کشمیر پریمیئر لیگ کیلئے کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ بہت سی لیگز کا حصہ بنا ہوں لیکن کشمیر پریمیئر لیگ کیلئے بہت خواہش تھی۔

قومی ہیرو نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ کشمیر پریمیئرلیگ کی ہر فرنچائز کے ساتھ کھیلوں۔ کشمیر پریمیئر لیگ میں کھیلنے کی شرط یہ رکھی ہے کہ کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ناصرف سپورٹس بلکہ صحت کے شعبے میں بھی کام کرنے کا پلان ہے۔ میری درخواست ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کو مکمل سپورٹ کریں۔

سابق قومی کپتان نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن میں ایم او یو سائن ہونا خوچ آئند ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کشمیر پریمیئر لیگ کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی سے جڑنے پر اپنے کاز کو بہتر طریقے سے نبھائیں گے۔

مزیدخبریں