اسلام آباد: پاکستان نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں 3 مزدروں کے ماورائے عدالت قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی آزادانہ تحقیقات عالمی نگرانی میں کرائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں برس بھارتی قابض فوج 300 سے زائد معصوم کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر چکی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 3 مزدوروں کے قتل اور گزشتہ تین دہائیوں میں بھارتی فوج کے ایسے جرائم کی اقوام متحدہ تحقیقات کرے۔ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کیخلاف جرائم کا ذمہ دار ٹھہرائے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ تینوں مزدوروں کو بھارتی قابض فورسز نے جولائی میں شوپیاں میں ایک مقابلے میں شہید کیا تھا۔ تینوں مزدور ایک باغ میں کام کرنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی لاشوں پراسلحہ رکھ کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی وہ مسلح جنگجو تھے۔ کشمیری عوام کیخلاف بھارت کے جرائم کی فہرست لمبی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری مزدروں کا ماورائے عدالت قتل کشمیریوں کیخلاف بھارتی جرائم کی آئس برگ کا ایک اشارہ ہے۔ او ایچ سی ایچ آر نے تجویز کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم کو بے نقاب کیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی کوئی ڈھکی چھپی کوشش اب اس کے جرائم کو چھپا نہیں سکتی۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کشمیریوں کیخلاف جرائم پر اقوام متحدہ بھارت کو جوابدہ بنائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں سے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں قتل ہونے والے 3 کشمیری مزدوروں کی لاشیں دریافت ہوئی تھیں جنھیں انتہائی بربریت کیساتھ گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
قابض بھارتی افواج نے ان نہتے کشمیری مزدوروں کو مار کر ان کے اوپر اسلحہ رکھا اور انھیں دہشتگرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی جس کا بھانڈا اب پھوٹ چکا ہے۔