ترک اداکار اینگن آلتان کو پاکستان آمد کا معاوضہ نہ ملا، کاشف ضمیر کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

Turkish actor engin altan did not receive compensation for coming to Pakistan, decision to take action against Kashif Zameer
کیپشن: فائل فوٹو

انقرہ: ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن آلتان کو پاکستان آنے کا معاوضہ نہ ملا، جس پر ترک اداکار نے اپنے میزبان کاشف ضمیر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ اس سلسلے میں اینگن آلتان نے استنبول میں پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کیا ہے اور قونصل جنرل بلال پاشا سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ وہ کاشف ضمیر کے خلاف تحریری رپورٹ جمع کرا سکیں۔

خیال رہے کہ کاشف ضمیر نے اینگن آلتان سے دس ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا، جس میں سے آدھی رقم کے طور پر نو کروڑ بائیس لاکھ بیس ہزار روپے کا چیک دیا لیکن وہ ابھی تک کیش نہیں ہو پایا ہے۔

خیال رہے کہ ترک اداکار انگین آلتان کو پاکستان بلانے والا شخص کاشف ضمیر متعدد مقدمات میں نامزد ہے، اسے پولیس کی جانب سے گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ ملزم کاشف ضمیر کیخلاف ڈکیتی، کار چوری، امانت میں خیانت اور فراڈ کے کم وبیش 8 مقدمات درج ہیں۔

اس سے قبل خبریں تھیں کہ کاشف ضمیر نے ترک اداکار انگین آلتان کو جو چیک دیا جو جعلی تھا۔ انہوں نے ترکی میں چیک کیش کرانے کی کوشش کی لیکن اس میں کوئی رقم ہی موجود نہیں تھی۔

ملزم کاشف ضمیر کی اس گھناؤنی حرکت کی وجہ سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے۔ پاکستان کے دوست ملک ترکی کے اداکار انگین آلتان جو پاکستان کے مہمان بن کر آئے، ان کے ذہن میں پاکستان کا بہت غلط تاثر کیا ہے۔

اس سے قبل انگین آلتان نے اسلام آباد کی ایک سوسائٹی کیساتھ بھی معاہدہ کیا تھا لیکن بعد ازاں انہوں نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اب دوسری بار انھیں ملزم کاشف ضمیر نے پاکستان بلا کر ناصرف ان کی بلکہ اپنے ملک کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے۔