شہباز اور درانی کی ملاقات کسی اور نے کرائی، حکومت کا کوئی کردار نہیں: فواد چودھری

10:21 AM, 29 Dec, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور فنکشنل لیگ کے رہنما محمد علی درانی کے درمیان جیل میں ہونے والی ملاقات میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس نے میاں شہباز شریف اور محمد علی درانی کے درمیان ملاقات کرائی اس کا آپ کو علم ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں حکومت کا کوئی کردار تھا، حکومت نے یہ ملاقات نہیں کرائی۔ محمد علی درانی کیساتھ ملاقات کرنے کیلئے میاں شہباز شریف کی منشا بھی شامل تھی۔

ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری نہیں ہونی چاہیے تھی، اگر ان سے مشورہ لیا جاتا تو وہ یہی بات کرتے۔ تاہم حکومت کا احتساب کیلئے قائم ادارے نیب پر کسی قسم کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی بھی محمد علی درانی کیساتھ ملنے کی خواہش تھی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے حوالے سے حکومت پر الزام درست نہیں ہے۔ کسی قیدی کو ملاقات کیلئے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ میاں شہباز شریف کو جیل میں قید کے دوران قانون کے مطابق تمام سہولیات دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ طویل عرصے سے سیاست سے بظاہر غائب مسلم لیگ فنکشنل کے اہم رہنما محمد علی درانی ٹیلی وژن سکرینوں پر نمودار ہوئے اور بتایا کہ ان کی اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

محمد علی درانی نے ملاقات کی روداد میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا تھا کہ میاں شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ وہ پارٹی فیصلوں کے پابند ہیں، پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا، وہ ان کے قابل قبول ہوگا۔

تاہم محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ سیاست میں ڈائیلاگ کا راستہ بند نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر اپنے معاملات کو حل کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں