سنچورین: دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز ہی میں قومی ٹیم کو تنازعات نے گھیر لیا، چئیرمین پی سی بی احسان مانی بھی معاملات سلجھانے جنوبی افریقہ پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناکامی نے ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، قومی ٹیم تنازعات میں گھرگئی۔ہیڈ کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہے اور ٹیم میں دراڑ پڑ گئی ہے۔پی سی کی جانب سے اس نوع کی تمام خبروں کی تردید کی گئی، مگر جب افواہوں نے دم نہیں توڑا، تو چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی معاملے کو ٹھنڈا کرنے سنچورین پہنچ گئے۔
پی سی بی چیئرمین نے ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کی ہے، جس میں انھیں ڈریسنگ روم کی میٹنگ کی خبروں کے حوالے سے بریف کیاگیا۔ ٹیم ذرائع کا دعوی ہے کہ احسان مانی نے ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ میں دوسرا کڑا امتحان تین جنوری سے کیپ ٹاون میں شروع ہوگا۔