لارڈز : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک نے 'سر' کا خطاب اپنے نام کرلیا۔جن کا نام ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی سال نو کی اعزازی فہرست میں شامل ہے۔
الیسٹر کک 'سر' کا خطاب حاصل کرنے والے گیارہویں برطانوی کرکٹر بن گئے۔انہیں یہ اعزاز کرکٹ میں 12 سالہ خدمات پر بطور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔سابق کپتان نے انگلینڈ کی جانب سے 161 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار 472، ون ڈے میں 3 ہزار 204 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61 رنز اسکور کیے۔
الیسٹر کک نے رواں برس ستمبر میں بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے الیسٹر کک نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو انڈیا کیخلاف ناگپور میں مارچ 2006 میں کیا تھا جس کی دوسری اننگز میں انہوں نے سینچری اسکور کی تھی اور انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری میچ بھی بھارت کیخلاف ستمبر 2018 میں کھیلا تھا جس کی دوسری اننگز میں ایک بار پھر ان کے بلے نے رنز اگلے اور انہوں نے 147 رنز کی شاندار باری کھیلی ۔
خیال رہے کہ الیسٹرکک نے بھارت کیخلاف 30 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 294 ہے ۔یہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی ۔ اپنے پورے کیریئر میں الیسٹرکک 45 کی ایوریج سے اسکور بناتے رہے کہ جبکہ بھارت کیخلاف ان کی ایوریج 48 رہی ۔