وزیراعظم اور دیگر وزراء کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں ، فرحت اللہ بابر

08:14 PM, 29 Dec, 2018

 کراچی :جن وزراء اور پارٹی رہنماؤں کیخلاف کرپشن کے الزامات پر تحقیقات ہو رہی ہیں ان کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔فرحت اللہ بابر نے وزیرمملکت برائے داخلہ کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے وزیرمملکت برائے داخلہ سے درخواست کی کہ جن وزراء اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے الزامات پر تحقیقت ہو رہی ہیں ان کے نام بھی ای سی ایل ڈالے جائیں ۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ اگر صرف جے آئی ٹی کی رپورٹس پر نام ای سی میں ڈالے جانے ہیں تو پھر عمران خان، پرویز خٹک، فہمیدہ مرزا،  خالد مقبول صدیقی اور زبیدہ جلال کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، سینیئر وزیر عاطف خان،  پنجاب میں سینئر وزیر برائے بلدیات علیم خان اور جہانگیر ترین کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں کیونکہ ان کیخلاف بھی کرپشن کے الزامات ہیں۔

انہوں نے خط میں مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ ان افراد کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے اور سب کیساتھ مساوی سلوک ہو گا ۔

خیال رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت نے پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے ہیں جن میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور سمیت 172 افراد شامل ہیں ۔

مزیدخبریں