راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قسم کہا کر کہتا ہوں ختم نبوت قانون میں ترمیم نواز شریف نے کروائی،بھارت کی امریکہ سے دوستی خطرے کی گھنٹی ہے، مجھے ا یک سیٹ کا طعنہ دینے والے اب مجھے کیوں نکالا کا رونا رو رہے ہیں،گنے کے کاشتکار درانتی تیز کریں اب چوروں کی جان لینا ہوگی۔
ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عراق، لیبیا اور شام میں ظلم ہوا اور ہم خاموش رہے تاہم اقوام متحدہ میں 128 ووٹوں کیساتھ ٹرمپ ذلیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ٹرمپ میں کوئی فرق نہیں، قسم کھا کر کہتا ہوں کہ ختم نبوت قانون میں ترمیم نواز شریف نے کروائی اور اب میں ختم نبوت کی تحریک کیلئے کھڑا ہوچکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک سیٹ کا طعنہ دینے والے نواز شریف آج مجھے کیوں نکالا کا رونا رو رہے ہیں تاہم اب کوئی این آر او نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کی سیاست کا سورج غروب ہونیوالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو روز گار نہیں مل رہا، بھوک کی وجہ سے قوم خود کشیاں کررہی ہے ،پوری قوم کو مقروض کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکار درانتی تیز کریں اب چوروں کی جان لینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا اصل کام بلوچستان میں ہونا تھا جو شروع ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی امریکہ سے دوستی پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔