لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے طاہر القادری کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاو¿ن کے معاملے پر ہم مظلوموں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔
لاہور میں منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کا نفرنس سے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاو¿ن کا سانحہ لاہور شہر میں ہوا، خیبر پختونخوا کے کسی علاقے میں نہیں ہوا کہ لوگ اس کی کوئی خبر نہ رکھتے ہوں، میڈیا پر دکھایا گیا کہ ماڈل ٹاو¿ن پر کس طرح لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں، ہمیشہ ظلم کے خلاف جدوجہد کی آواز اٹھائی، ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم ہر زیادتی کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور انصاف بھی مانگیں گے، مطالبہ کرتے ہیں کہ شہبازشریف مستعفی ہوں اور انہیں استعفیٰ دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر 302 کے مقدمے ہونے چاہئیں، رانا ثنائ اللہ کو بھی استعفیٰ دے کر قانون کے سامنے خود کو پیش کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر ماڈل ٹاو¿ن کی تحقیقات پر اثر انداز ہو رہے ہیں لیکن غریبوں کا لہو رنگ لائے گا، آج نہیں تو کل مظلوموں کو انصاف ملے گا۔شریک چیئرمین نے کہا کہ یہاں ایس ایچ او پاور دینے کے لیے تیار نہیں ہوتا اور میاں صاحب ابھی تک کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا جب کہ میں نے پاور ملتے ہی اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کر دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے پاس کوئی منطق نہیں ہے، وہ ڈکٹیٹر تھا اور اس نے حالات کا فائدہ اٹھایا۔
آصف زرداری نے پرویز مشرف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرف کی کمر میں درد ہے اور وہ ڈانس کرتا پھر رہا ہے، مشرف اتنا بہادر کمانڈو ہے تو واپس آجائے، اپنے دور میں ہر فیصلہ وہ خود لیتا تھا اور نام وزیراعظم کا ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ہمیشہ ایسے کام کرتے ہیں کہ حالات سے فائدہ اٹھا لیتے ہیں لیکن سعودی عرب اس بار نواز شریف کی مدد کے لیے نہیں آیا، جب آیا تو دیکھیں گے۔