جس استاد کو پڑھانا نہیں آتا اسے نکال دیا جائے، وزیر اعلی سندھ

02:25 PM, 29 Dec, 2017

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت این ٹی ایس اساتذہ کے احتجاج سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور چیف سیکریٹری رضوان میمن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر حکام نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ این ٹی ایس کے ذریعے 15649 اساتذہ بھرتی کیے گئے۔ اساتذہ 3 سال کا کنٹریکٹ مکمل ہونے پر مستقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن مستقل کرنے کے لیے دوبارہ این ٹی ایس ٹیسٹ ضروری ہے۔ بریفنگ پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اچھے اساتذہ کو مستقل کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ اساتذہ کا معیار زبردست ہونا چاہیے اور جس استاد کو پڑھانا نہیں آتا اس کو سسٹم سے باہر ہونا چاہیے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کو بہتر کرنا اولین ترجیح ہے اور تعلیم کی بہتری کے لیے ہمیں کچھ سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ تعلیم کو ہر قسم کے اثرورسوخ سے آزاد کرنا چاہتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ ہر 5 سال کے بعد اساتذہ کی جانچ پڑتال کرائیں۔ مراد علی شاہ نے وزیر تعلیم اور کمشنر کراچی کو اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی اساتذہ سے ملاقات کریں اور پالیسی کے مطابق مسئلہ کو آج ہی حل کیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں