حرمین ایکسپریس ٹرین 2018 کے وسط میں کمرشل بنیادوں پر چلائی جائے گی ،عمرہ زائرین کو فائدہ پہنچے گا، ذرائع

10:52 AM, 29 Dec, 2017

"نیو نیوز تازہ ترین "

جدہ: سعودی ریلوے نے واضح کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ کیلئے حرمین ایکسپریس ٹرین پہلا تجرباتی سفر کریگی۔ جدہ سے ہوتے ہوئے گزرے گی۔ گنے چنے لوگ ہی ٹرین میں ہوں گے۔

2018ء کے وسط میں کمرشل بنیادوں پر چلنے لگے گی۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر مکہ جدہ حرمین ٹرین کے پہلے تجربے میں شریک ہو چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ وزیرنقل و حمل ڈاکٹر نبیل العامودی اور متعدد عہدیدار بھی تھے۔

حرمین ایکسپریس ٹرین مشرق وسطیٰ میں پبلک ٹرانسپورٹ کا بڑا منصوبہ ہے۔ یہ ٹرین 450کلو میٹر کا سفر 300کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے طے کریگی۔ اس کے 5اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

یہ ریلوے اسٹیشن مکہ مکرمہ، جدہ سٹی، جدہ ائیرپورٹ ، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ ہیں۔ ا س سے حاجی ، معتمر ، مقامی شہری او رمقیم غیر ملکی سفر کریں گے۔اس ٹرین سے شہریوں سمیت عمرہ کی غرض سے آنے والوں لاکھوں زائرین کو فائدہ پہنچے گا ۔

ٹرین کے تیز ترین ہونےکی وجہ سے حفوظ اور کم وقت میں سفر کا انتظام ہو جائے گا، اس منصوبے کو سعودی عرب میں ٹرین کے نئے منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے اہم قرار دیا جارہاہے ۔

مزیدخبریں