نیویارک : راہ چلتی خواتین پر فقرے کسنا ، گاڑی کا ہارن بجانا یا دیگر طریقوں سے انہیں ہراساں کرنا عام بات ہے۔ بحث و مباحثے کی ویب سائٹ Redditپر ایک صارف نے مردوں سے سوال کیا ہے کہ آخر مرد ایسا کیوں کرتے ہیں۔ اس کے جواب میں مردوں کی طرف سے کئی حیران کن جوابات سامنے آ رہے ہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ایک شخص نے جواب میں لکھا ہے کہ ”مرد محض تفریح طبع کے لیے خواتین کو دیکھ کر ہارن بجاتے ہیں تاکہ وہ کچھ قہقہے لگا سکیں۔“ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ”بعض مرد اپنے ساتھ گاڑی میں موجود دوستوں کو ہنسانے کے لیے خواتین کو دیکھ کر ہارن بجاتے ہیں۔“
ایک اور مرد کا کہنا تھا کہ ”میں ایسا صرف اس لیے کرتا ہوں تاکہ وہ خاتون اپنے بارے میں اچھا محسوس کرے، میں ہارن کو گفتگو کا ایک طریقہ سمجھتا ہوں۔“ ایک شخص نے لکھا کہ ”کچھ لڑکوں نے میری بیوی کو دیکھ کر ہارن بجایا، کچھ دور جا کر وہ ایک سٹور کے سامنے رکے۔ میری بیوی بھی چلتی ہوئی اس طرف چلی گئی اور جب وہ گاڑی سے نکل رہے تھے تو ان کے پاس پہنچ گئی اور پوچھا کہ تم لوگ کیا چاہتے ہو؟ اس کے جواب میں وہ شرمسار ہو کر بغلیں جھانکنے لگے اور معافیاں مانگنے لگے۔“ایک اور مرد نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”میرے خیال میں لڑکے خواتین کے لیے ہارن بجا کربزدلانہ طریقے سے انہیں یہ بتانا چاہ رہے ہوتے ہیں کہ وہ پرکشش ہیں۔ ان میں اس خاتون کے سامنے جا کر اس کی تعریف کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ایسے لوگ خواتین سے بات کیے بغیرانتہائی جلدی میں ان کے لیے ایک فقرہ بول کر نکل جاتے ہیں۔