اسلام آباد: اسلام آباد کے چائے کے اسٹال سے مقبولیت حاصل کرنے والے ارشد خان کی پہلی فلم ’’کبیر‘‘ میں اب ان کے ساتھ گلوکار نعمان جاوید بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔ یہ صرف چائے والے ارشد خان کی ہی نہیں گلوکار نعمان جاوید کی بھی ڈیبیو فلم ہوگی جسے 2017 میں ریلیز کیا جائے گا۔گلوکار نعمان جاوید نے بتایا کہ اس فلم میں میرا کردار ایک ولن کا ہے، ایک ایسے شخص کی کہانی جس کی زندگی کی اچھی شروعات ہوتی ہے تاہم بعد ازاں جرائم کی دنیا سے تعلق بڑھ جاتا ہے، جس کے بعد وہ اچھے سے برا اور دوبارہ بْرے سے اچھا بنے گا۔
نعمان جاوید نے مزید کہا کہ ’’چائے والا‘‘ ارشد خان بھی اس فلم کا حصہ ہیں جو میرے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کرتے نظر آئے گا۔ اس فلم کی مرکزی کاسٹ میثم علی اور ریچل خان ہیں اور وہ ہی اس فلم کو پروڈیوس بھی کررہے ہیں، نعمان کے مطابق اب تک اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز نہیں ہوا، تاہم امید ہے کہ اسے اگلے سال عید سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔گلوکار نعمان جاوید نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ وہ فلم ’’کبیر‘‘ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ایک گانا بھی گائیں گے۔