لاہور:پاک۔بنگلہ دیش دوسرے ٹیسٹ میں 12 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیاگیا۔ اس سکواڈ میں سے شاہین آفریدی کوڈراپ کردیاگیا ہے۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیگ سپنر ابرار احمد کو 12 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے، راولپنڈی کی کنڈیشنر کو دیکھ کر ابراراحمد کو 12 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ کل پچ دیکھ کر کریں گے۔
جیسن گلیسپی نے کہا کہ عامر جمال فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کرپائے، 12 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، شان مسعود، سعود شکیل، ابراراحمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
جیسن گلیسپی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے، شاہین آفریدی ابھی باپ بنے ہیں، ہم چاہتے ہیں شاہین اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں، شاہین آفریدی کے ساتھ اظہرمحمود کام کر رہے ہیں، شاہین آفریدی تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے۔
انہوں نے کہا کہ جو پچھلے میچ میں ہوا ، اس کو بدل نہیں سکتے، دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینی پڑے گی، پہلے ٹیسٹ میں جس طرح کھیلا، ہم اس سے بہتر کھیل سکتے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں اوور ریٹ بہت برا تھا، کبھی نہیں کہا کہ آسٹریلیا کی طرح پاکستان کو کھیلنا ہے، کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلنے کا جوش و جذبہ رکھتے ہیں جو میرے لیے بہت اہم بات ہے۔انہوں نے کہا کہ شان مسعود بہت مثبت کپتان ہیں، پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگز ڈیکلئر کرنے کا فیصلہ بھی مثبت سوچ کے ساتھ کیا تھا، پہلا ٹیسٹ میں شکست سے مایوس تو ضرور ہیں، اب پاکستان کو سیریز میں واپس آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل 6 ٹیسٹ میچوں میں 38 وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر ابرار احمد کو راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سلو پچ پر تمام فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ غلط ثابت ہونے کے بعد واپس ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔