پشاور : وزیراعلیٰ کے پی علی ا مین گنڈا پور کو پنجاب میں سیکیورٹی نہ ملنے پر ان کے پرنسپل سیکریٹری نے پنجاب حکومت کو خط ارسال کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری عابد مجید نے علی امین گنڈاپور کو پنجاب میں سکیورٹی نہ ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کو شکایتی خط ارسال کیا ہے۔
کے پی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے خط کے متن کے مطابق ملک بھر میں وی وی آئی پیز کو سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے لیکن وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو فیصل آباد میں سیکیورٹی نہیں دی گئی۔
خط میں کہا گیا کہ کے پی حکومت پنجاب اور وفاق کے وزرا اور سینیئر افسران کو بھی سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کرتی ہے تاہم علی امین گنڈاپور کو پنجاب میں کوئی سکیورٹی نہیں دی گئی۔
پرنسپل سیکرٹری کے پی نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دورے سے متعلق پیشگی آگاہ کیا گیا تھا،اس کے باوجود سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو سکیورٹی جو سکیورٹی ملنی چاہیے تھی وہ نہیں ملی۔
کے پی حکومت کی جانب سے معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں لائے جانے کی ہدایت کی گئی ہے اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پی کو سکیورٹی نہ ملنے پر انکوائری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
خط میں مزیدمطالبہ کیا گیا کہ پنجاب پولیس کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی جائیں۔