آئی فون 16 سیریز کی ڈیوائسز کی تاریخ کا اعلان کردیاگیا

12:16 AM, 29 Aug, 2024

کیلیفورنیا: ایپل کی جانب سے آئندہ ماہ ستمبر کے وسط تک اب تک کے بہترین آئی فونز متعارف کرائے جانے کا اعلان کردیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے 9 ستمبر کو ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے جسے گلو ٹائم (Glowtime) کا نام دیا گیا ہے۔

ایپل کی جانب سے ہر سال ستمبر میں آئی فونز سمیت واچز اور میک بوک کو متعارف کرایا جاتا ہے اور اس بار بھی آئندہ ماہ کو ہی کمپنی کی جانب سے ڈیوائسز پیش کیے جانے کی امید ہے۔

یپل نے اپنے ایونٹ کے لوگو (logo) کے ذریعے ممکنہ طور پر ایپل انٹیلی جنس کی جانب اشارہ دیا ہے۔

ایونٹ میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، آئی فون 16 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس متعارف کرائے جائیں گے۔

آئی فون 16 میں 6.1 انچ، آئی فون 16 پلس میں 6.7 انچ، آئی فون 16 پرو میں 6.3 انچ جبکہ آئی فون 16 پرو میکس میں 6.9 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

چاروں آئی فونز میں ایپل انٹیلی جنس پر مبنی متعدد فیچرز موجود ہوں گے۔

ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 16 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔

ایک لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 16 پرو میکس میں بیزل کا حجم 0.06 انچ سے بھی کم ہوگا۔

بعض رپورٹس کے مطابق کمپنی آئی فون 16 کے مختلف ماڈیولز سمیت دیگر ڈیوائسز کو 9 ستمبر کو پیش کر سکتی ہے کیوں کہ کمپنی نے اسی دن ایک اہم تقریب کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس بار کمپنی کی جانب سے ٹائپ سی میں فونز کو متعارف کرائے جانے کی چہ مگوئیاں بھی ہیں۔

مزیدخبریں