دبئی: قومی الیکشن کمیٹی نے آئندہ قومی کونسل کے انتخابات کے لیے حتمی فہرستوں میں شامل ہونے والے تمام امیدواروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ 11 ستمبر سے پہلے کسی بھی قسم کی انتخابی مہم کی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانہ کیا جا سکتا ہے اور امیدوار کو دیے گئے مہم کے اجازت نامے کی منسوخی، یہاں تک کہ امیدوار کا نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جا سکتا ہے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم اپنے مقررہ وقت پر شروع ہو کر 3 اکتوبر تک (23 دن )جاری رہے گی۔ کمیٹی نےمزید کہا کہ مقررہ وقت کے باہر کسی بھی تشہیری کوششوں میں شامل ہونا انتخابی ہدایات میں بیان کردہ قواعد کی براہ راست خلاف ورزی ہوگی۔
قومی الیکشن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو مختلف سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں ایسی کارروائیوں سے ہونے والے کسی بھی نقصان کا ازالہ کرنا، 10 ہزار درہم سے زیادہ کا جرمانہ اور یہاں تک کہ امیدوار کو دیے گئے مہم کے اجازت نامے کی منسوخی بھی شامل ہے۔ مزید براں، سنگین صورتوں میں، امیدوار کا نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جا سکتا ہے۔
کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت صرف مخصوص جگہوں کے اندر اور انتظامی ہدایات میں بیان کردہ میکانزم، ضابطوں اور شرائط کے مطابق ہے، اس سے باہر نکلنے والے ہر امیدوار کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
گزشتہ روز کمیٹی نےاعلان کیا کہ 2023 کے وفاقی قومی کونسل کے انتخابات کے لیے ابتدائی فہرستوں میں شامل افراد کی امیدواری پر اعتراضات قبول کرنے کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ جس سے اس بات کا اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ آیندہ ہفتے میں امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا جائے گا۔