اسلام آباد: بجلی صارفین پر پھر سے بجلی گرائے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی صارفین کیلئے قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کی صورت میں بجلی صارفین پر 35 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈسکوز کیلئے قیمتوں میں اضافے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی کی درخواست کل سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ حکومت سے بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کو کم کرنے کا مطالبہ لیے شہری مختلف شہروں میں اس امید سے احتجاج کر رہے ہیں کہ انہیں اس حوالے سے کوئی ریلیف ملے گا لیکن اب بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔