اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان بے نقاب ہوچکے اور اب پکڑے جانے سے بچنے کے لئے ہر ادارے کے خلاف مسلسل مہم جوئی میں مصروف ہیں۔ عمران خان اتنا نیچے گرجائے گا، یہ میری توقع سے بھی بالاتر ہے،ہم سب کے لئے ہمیشہ اور ہمیشہ صرف پاکستان کھپے ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ٹویٹر پیغام میں کہا سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچادی۔ 1500 سے زائد جاں بحق جبکہ تین کروڑ 30لاکھ سے زائد انسان متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے علاقوں پر مشتمل چاروں صوبے متاثر ہوئے، سیلاب سے متاثرہ افراد نے اپنی تمام مال و متاع کو گنوادیا۔ ہر پاکستانی کو مصیبت کا شکار اپنے ہم وطن کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لانا چاہیے۔ اپنی خیبرپختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں کو استعمال کرتے ہوئے عمران خان نے قومی معاشی مفادات کو سبوتاژ کرنے کے لئے قومی آفت کے اس وقت کو منتخب کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کا عمل ملک سے بغاوت اور پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔ پہلے عمران خان نے آئی ایم ایف ڈیل کی پھر اپنی وزارت عظمیٰ بچانے کے لئے ملک کو تقریباً دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچادیا اور اب عمران خان ملک کو دیوالیہ ہونے کے اپنے ہی پیدا کئے خطرے سے نکالنے کے آئی ایم ایف کے معاشی بیل آؤٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ نے اس معاملے کو بلیک میلنگ کا ایک حربہ جبکہ پنجاب کے وزیرخزانہ نے اسے ریاست کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور یہ تمام ہدایات اس شخص کی جانب سے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر آ پہنچا ہے،عمران خان خیرات کی رقم کو اپنی ذات اور سیاست کے لئے استعمال کرکے بدعنوانی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔