وزیر اعظم کی زیر صدارت سیلاب سے متعلق اجلاس، عسکری قیادت شریک ، وزرائے اعلیٰ پنجاب، کےپی اور جی بی شریک نہ ہوئے 

08:49 PM, 29 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس  ہوا ۔ اجلاس میں آرمی چیف، نیول چیف سمیت اعلی عسکری قیادت ، وفاقی وزرا اور تمام اتحادی جماعتوں کے رہ نما شریک ہوئے۔اجلاس میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر مشاورت کی گئی اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی طے کی  گئی ۔ 

ذرائع کے مطابق  وزیراعلی پنجاب، وزیراعلی کے پی ، وزیراعلی گلگت بلتستان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی لاہور سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں    تاہم وہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شریک ہونے کی بجائے عمران خان کی جانب سے کی جانیوالی ٹیلی تھون میں شریک ہوں گے ۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں میں سیلاب متاثرین کی بلاتفریق مدد کررہی ہے ۔ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے ہرممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے ۔ وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر سیلاب متاثرین کی مدد کا قومی فریضہ ادا کرے گی ۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے اور مدد فراہم کرنے  پر پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے  فلاحی اداروں اور تنظیموں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پوری قوم کا یکجا ہونا ضروری ہے ۔

مزیدخبریں