اسلام آباد: عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل فوج میں بغاوت کے حوالے سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں جس کے بعد عدالت نے ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو کل سنایا جائے گا۔
نیو نیوز کے مطابق اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال محفوظ فیصلہ کل سنائیں گے۔
دوران سماعت شہباز گل کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ شہباز گل معافی مانگنے پر تیار ہیں انہوں نے جو کہا وہ فوج کے خلاف نہیں تھا ۔
اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل کے دوران کہا کہ ملزم نے پاک فوج کے افسران کیخلاف منظم طریقے سے بات کی ۔ بیوروکریسی کو کہا گیا حکومت کا حکم نہ مانو۔بغاوت پر اکسانے کی کوشش کرنا بھی بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔