لاہور: سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت ترین کی خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا سے گفتگو کی مبینہ آڈیو بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ آڈیو میں شوکت ترین نے تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟ جس پر تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ابھی بناتا ہوں میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں ابھی بنا کر آپ کو بھیجتا ہوں۔
شوکت ترین نے کہا کہ خط میں سب سے بڑا اور پہلا پوائنٹ ہو گا جو سیلاب آیا اس نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے، پہلا پوائنٹ ہو کہ ہمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کیلئے بہت پیسہ چاہیے، میں نے محسن لغاری کو بھی کہہ دیا ہے۔
تیمور جھگڑا نے کہا کہ ویسے یہ بلیک میلنگ کا حربہ ہے پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، پتہ نہیں لغاری کو چھوڑنے ہیں یا نہیں۔ شوکت ترین نے کہا کہ آج یہ خط لکھ کر اور جو آئی ایم ایف والی ہے اس کو کاپی بھیج دیں گے، تاکہ پتہ تو چلے ان کو کہ یہ ہمارے سے پیسے رکھوا رہے تھے ہم وہ پیسے لے لیں گے۔
تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ ٹھیک ہے، میں وہ بنا کر اور میں آئی ایم ایف کے نمبرٹو کو جانتا ہوں ،میں آئی ایم ایف کا جو نمبر ٹو یہاں پر ہے، اس سے تو میں ویسے ہی ساری معلومات لیتا رہا ہوں۔ مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا اس سے بھی میری بات ہوئی ہے، خان صاحب اور محمود خان نے مجھے کہا ہے ہمیں اکٹھے پریس کانفرنس کرنی چاہیے۔
شوکت ترین نے جواب دیا کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی وہ یہ تھا کہ یہ ہم کر لیں گے، اس کے بعد ہم پیر کو سیمینار کریں گے، اس پر پریس کانفرنس کرنی ہے تو وہ بھی ہم کرسکتے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے شوکت ترین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چلیں پہلے خط بھیجتے ہیں، ٹھیک ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت ترین اور پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری کی ٹیلی فونک گفتگو سامنے آئی تھی۔
شوکت ترین اور خیبرپختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کی مبینہ آڈیو بھی منظرعام پر آ گئی
01:57 PM, 29 Aug, 2022