اسلام آباد: ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں پر وزیر اعظم شہباز شریف نے آج "آل پارٹیز کانفرنس" بلا لی ہے ۔ جس میں پی ڈی ایم اور اتحادی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ کانفرنس میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی ۔
پانچوں صوبوں میں مون سون اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 61 تک پہنچ چکی ہے ۔ چار روز میں اموات کی تعداد میں 79 افراد کا اضافہ ہوا ہے ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 359 بچے ، 210 خواتین اور 470 مرد مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب ، ملک میں مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے معیشت کو 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق یہ ابھی ابتدائی تخمینہ ہے ۔ معیشت کو ہونے والے نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ، بلوچستان ، خیبر پختون خوا اور پنجاب کا بیشتر حصہ ابھی سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ۔ جب تک پانی اتر نہیں جاتا اس وقت تک حتمی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ۔ سب سے زیادہ نقصان زراعت اور انڈسٹری کو ہوا ہے ۔ نجی گھروں ، سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی تباہی کے اعداد و شمار روز اپ ڈیٹ ہو رہے ہیں ۔