یمن کے صوبے لحج میں فوجی اڈے پر حملہ، درجنوں فوجی ہلاک

05:16 PM, 29 Aug, 2021

صنعا: یمن کے صوبے لحج میں فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے۔

یمنی فوج کے ترجمان محمد النقیب کے مطابق فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں حکومت کے حمایتی تقریباً 30 سے 40 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ زخمی افراد کی تعداد 60 ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں یا نہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق الاناد ائیر بیس پر حملے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو صوبے کے مرکزی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یمنی افواج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ فوجی اڈے پر میزائل اور ڈرون سے حملہ حوثی باغیوں نے کیا تاہم حوثی باغیوں نے حملے سے متعلق تاحال کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

خیال رہے کہ 2014 سے باغیوں اور سعودی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کرب ناک انسانی المیے نے جنم لیا ہے جس میں لاکھوں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

مزیدخبریں