پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ رپورٹ کیسز سے کہیں زیادہ ہے: برطانوی وزیر صحت

05:15 PM, 29 Aug, 2021

لندن: برطانوی وزیر صحت نے پاکستان ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حوالے سے  کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔ 

برطانوی وزیر صحت لارڈ جیمز بیتھنل کی جانب سے رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی کو لکھے گئے خط کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔

یاسمین قریشی کو لکھے گئے خط میں لارڈ بیتھنل کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے جبکہ پاکستان میں ٹیسٹنگ اور سیکوئنسنگ ریٹ کی شرح کافی کم ہے۔

وزیر صحت لارڈ جیمز بیتھنل کے مطابق پاکستان میں ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے پیش نظر پاکستان کی جینومک اسکریننگ کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کیا جائے گا۔

لارڈ بیتھنل نے اپنے خط  میں مزید لکھا کہ ٹریول لسٹ سے متعلق فیصلہ جوائنٹ بائیو سکیورٹی سینٹر کرتا ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ  پاکستان کی وبا کے خلاف  کاوشوں کو سراہتے ہیں اور مل کر کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں