یو اے ای نے اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کر دیا

04:16 PM, 29 Aug, 2020

دبئی: متحدہ عرب امارات نے باہمی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کے بعد اسرائیل کا بائیکاٹ ختم کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکمران خلیفہ زید بن النہیان نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت اسرائیل کا بائیکاٹ ختم اور اس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی معاہدے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ خلیہ زید بن النہیان کے حکم نامے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے معاہدے کے تحت باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے تحت تل ابیب سے اسرائیل کی پہلی کمرشل پرواز پیر کے روز ابو ظبی روانہ ہو گی جس میں اسرائیلی اور امریکی حکام شامل ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر امریکی حکام کے ہمراہ یو اے ای جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کوئی فضائی رابطے نہیں ہیں لہٰذا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد یہ پہلی پرواز ہوگی۔

مزیدخبریں