دبئی: آئی سی سی کی ٹویٹ نے بھارتیوں کو آگ بگولا کر دیا ، برطانوی کرکٹر بین سٹوکس کی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ تصویر پر سٹوکس کو عظیم کرکٹر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک تصویر ٹویٹ کی تھی جس میں 2019ءکا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد برطانوی آل راﺅنڈر بین سٹوکس کو بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے ساتھ کھڑا دکھایا گیا اور اس کیساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ایک عظیم کرکٹر اور سچن ٹنڈولکر۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ ٹویٹ کئے جانے پر بھی بھارتی شائقین کرکٹ کی جانب سے خاصا واویلا کیا گیا جن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے سچن ٹنڈولکر کی بے عزتی کی ہے لیکن اس مرتبہ آئی سی سی نے جو ٹویٹ کی ہے ، اس نے بھارتیوں کے غم و غصے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی نے اسی ٹویٹ کو دوبارہ پیش کیا اور کیپشن میں لکھا کہا تھا نا ، یہ ٹویٹ سامنے آنے کے بعد بھارتی شائقین میں غم و غصے کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضی کا اظہار کرنا شروع کر دیا جس کے بعد یہ تصویر دھڑا دھڑا سوشل میڈیا پر پھیلنا شروع ہوگئی۔
بھارتی شائقین نے اپنی ٹویٹس میں کہا کہ ایک کرکٹر جو ٹیسٹ میں 15 ہزار سے زائد اور ون ڈے میں 18 ہزار سے زائد رنز بنا چکا ہے ، اس کے سامنے کھڑے انگلینڈ کے کرکٹر کو جس کے کریڈٹ پر ٹیسٹ کرکٹ میں فقط 3479 اور ون ڈے میں 2628 رنز ہیں۔
اسے عظیم کرکٹ کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟ ایک نے تو اسے ٹنڈولکر کی توہین قرار دیتے ہوئے بھارتی بورڈ سے آئی سی سی کو ہی معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔