اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی ہی حکومت کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کرکے حکومتی ایوانوں کے کھلبلی مچادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے اسلام آباد کے رہائشیوںکو بجلی کے کنکشن فراہم نہ کرنے پر حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی، آئیسکو اور سوئی نادرن کا ریگولیٹر نہیں ہے، ہم لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تینوں رکن قومی اسمبلی دھرنا دینے کے لئے تیار ہیں اس کے بعد ہی وزیر توانائی سے بات ہو گی۔اس دوران نور عالم خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما شازیہ مری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ترسیل کرنے والی کمپنیوں کا اسٹاف لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران وزیرِ توانائی عمرایوب نے کہا کہ ” وزارت اور تقسیم کار کمپنیوں میں موجود کالی بھیٹروں کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے میں اضافہ ہوا ہے“۔حکومت کی جانب سے گیس کنکشن فراہم نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ممبران قائمہ کمیٹی اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔