بھارت جعلی فلیگ آپریشن کرسکتا ہے، شاہ محمود قریشی کی وارننگ

01:11 PM, 29 Aug, 2019

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے جعلی فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے دبائو ڈالا جائے ،انہوں نے یہ بات سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں کی ہے ۔ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اس سے قبل بھی  خط تحریر کرچکے ہیں۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تعداد دوگنی کی جائے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مبصرین کو صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے صدر کے نام لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ  سلامتی کونسل علاقائی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدرکو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارتی اقدامات کے باعث جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مکمل لاک ڈاؤن کے باعث وادی میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں صدر سلامتی کونسل کو جوہری معاملے پر بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے بھی آگاہ کیا ہے۔

مزیدخبریں